پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر نے گرفتار پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی رہائی کا دن بتا دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں اسد عمر نے کہا کہ آج ان شاء اللّٰہ فواد چوہدری اپنی غیر قانونی حراست سے آزاد ہوجائیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما کا کہنا ہے کہ قوم کی حقیقی آزادی کے لیے فواد چوہدری کی آواز پھر گونجے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اسلام آباد کی جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ نے فواد چوہدری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔