• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا میں تعینات کویتی سفیر خلیج تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل مقرر

امریکا میں تعینات کویت کے سفیر جاسم البدیوی کو خلیج تعاون تنظیم (جی سی سی) کا سیکریٹری جنرل مقرر کر دیا گیا ہے۔

نائف الحجراف کی بطور سیکریٹری جنرل مدت آج مکمل ہوجائے گی، انہوں نے پچھلے سال یکم فروری کو یہ منصب سنبھالا تھا۔

جاسم البدیوی بدھ کو سیکریٹری جنرل کا عہدہ سنبھالیں گے، انہوں نے کویت کی وزارت خارجہ سے 1992 میں اپنا کیریئر شروع کیا تھا۔

وہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے دفتر میں سفارتی اتاشی تعینات ہوئے تھے۔

جاسم البدیوی جون 2001 کے دوران امریکا کے کویتی سفارتخانے میں تعینات ہوئے، 2004 میں انہیں سیکریٹری کے عہدے پر ترقی دی گئی، 2007 میں قونصلر اور اکتوبر 2011 میں ڈپٹی چیف آف مشن بنا دیے گئے۔

2013 سے 2016 تک انہوں نے کوریا میں بطور کویتی سفیر کام کیا، پچھلے سال تک وہ بیلجیئم میں سفیر اور نیٹو کے ہیڈ آف مشن بھی تھے اور بعد ازاں امریکا میں سفیر تعینات کر دیے گئے۔

ریاض میں ہونے والی خلیج تعاون تنظیم کی سالانہ سمٹ میں تمام رکن ممالک نے اتفاق کیا کہ سیکریٹری جنرل کا عہدہ مسلسل دوسری بار کویت ہی کے پاس رہے گا۔

جاسم البدیوی کویت سے تعلق رکھنے والے جی سی سی کے تیسرے سیکریٹری جنرل ہیں۔

کویت کے عبداللّٰہ یعقوب بشارا جی سی سی کے پہلے اور اب تک کے سب سے طویل مدت سیکریٹری جنرل تھے، وہ 11 سال اس عہدے پر فائز رہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید