• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انرجی میٹرز پر احتجاج، اسکاٹش کورٹس سروس کا عدالتوں سے جاری یوٹیلٹی وارنٹس کے جائزہ کا اعلان

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ میں انرجی کمپنیوں کی طرف سے گھروں میں جبری طور پر پیشگی ادائیگی کے میٹر نصب کرنے پر متاثرین کے زبردست احتجاج کے بعد اسکاٹش کورٹس سروس نے کہا ہے کہ وہ عدالتوں کی طرف سے جاری کئے جانے والے یوٹیلٹی وارنٹس کا جائزہ لے گی۔ 2022ء میں اسکاٹ لینڈ میں توانائی کمپنیوں نے جبری وارنٹ حاصل کرنے کیلئے 32ہزار سے زیادہ درخواستیں دی تھیں۔ انرجی وارنٹ حاصل کرنے کے بعد زبردستی لوگوں کے گھروں میں گھس کر پیشگی ادائیگی والے میٹر نصب کردیتی ہیں۔ جس پر بعض متاثرین کو سردی اور اندھیرے میں رہنا پڑتا ہے۔ ایسی رپورٹس کے بعد انڈسٹری ریگولیٹر آف جم نے کمپنیوں سے کہا کہ وہ فی الحال اپنی ایسی کارروائیوں کو معطل کردیں۔ اسکاٹش کورٹ اینڈ ٹریبونل سروس نے کہا کہ وہ ایک ورکنگ گروپ قائم کررہے ہیں تاکہ یوٹیلٹی وارنٹس پر عمل درآمد کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جاسکے۔ واضح رہے کہ بہت سے لوگ ایسے ہیں جو کمپنیوں کی طرف سے عدالتی احکامات لے کر زبردستی گھروں میں گھسنے اور میٹر تبدیل کرنے کے عمل سے واقفیت نہیں رکھتے۔ ان کو اس وقت پتہ چلتا ہے جب کمپنیوں کے ایجنٹ عدالتی احکامات لے کر زبردستی پہنچ جاتے ہیں۔ اس ہفتے اسکاٹش پارلیمنٹ کی سوشل اینڈ جسٹس کمیٹی نے اس بات پر رضامندی ظاہر کی تھی کہ وہ اسکاٹش حکومت، کورٹ سروسز اور انرجی کمپنیوں کو لکھے گی کہ وارنٹ جاری کرنے کے سلسلہ میں مزید شفافیت پیدا کی جائے۔

یورپ سے سے مزید