• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد: پارک میں لڑکی سے زیادتی، پولیس کی سائنسی بنیادوں پر تفتیش

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے ایف نائن پارک میں لڑکی سے مبینہ زیادتی کے واقعے کی سائنسی بنیادوں پر تفتیش کا دعویٰ کیا ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا بیان میں کہنا ہے کہ ایف نائن پارک میں لڑکی سے مبینہ زیادتی کے بعد پارک کے سیکیورٹی انتظامات بہتر بنائے جا رہے ہیں۔

اسلام آباد پولیس کےترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس سائنسی بنیادوں پر وقوعہ کی تفتیش کر رہی ہے، ضلعی انتظامیہ سے مل کر سیکیورٹی انتظامات کی بہتری پر کام کر رہے ہیں۔

ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ شام کو پارک آنے والوں سے گزارش ہے کہ روشنی والے مقامات تک محدود رہیں، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پکار 15 پر کال کریں۔

مسلح افراد کی لڑکی سے زیادتی

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں مسلح افراد نے لڑکی سے مبینہ طور پر زیادتی کا شکار بنایا تھا۔

لڑکی ہوا خوری کے لیے دوست کے ساتھ پارک آئی تھی، جسے مسلح افراد نے چہل قدمی کرتے وقت روکا اور دوست کو الگ لے گئے اور جان سے مارنے کی دھمکی دی۔

ملزمان نے لڑکی کی جانب سے شور کرنے پر اسے تھپڑ مارے اور درختوں کے جھنڈ میں لے جا کر تشدد کر کے اس کے کپڑے پھاڑ ڈالے اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔

زیادتی کے بعد کپڑے دور پھینک دیے: متاثرہ لڑکی کا بیان

پولیس کو دیے گئے بیان میں متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ2 حملہ آوروں نے زیادتی کی، زیادتی کے بعد کپڑے دور پھینک دیے تاکہ وہ بھاگ نہ سکے، حملہ آوروں کو دہائیاں دیں، پر وہ باز نہیں آئے۔

ڈاکٹرز کے مطابق لڑکی کے جسم پر زیادتی کے نشانات ہیں۔

ملزمان نے کہا شام میں پارک نہ آیا کرو

ملزمان نے زیادتی کے بعد لڑکی سے کہا کہ شام کے وقت پارک نہیں آیا کرو۔

مارگلہ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا جبکہ سی سی ٹی وی ویڈیو کے ذریعے ملزمان کی تلاش جاری ہے، پارک کے عملے کو بھی شاملِ تفتیش کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پمز اسپتال کی میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متاثرہ خاتون کی ٹانگ اور چہرے پرخراشوں کے نشانات ہیں۔

پمز ذرائع کے مطابق متاثرہ لڑکی کے میڈیکل کے نمونے فارنزک سائنس لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق واقعے سے متعلق اسپیشل یونٹ انسداد جنسی جرائم تفتیش کر رہا ہے، تفتیش کی نگرانی سی پی او آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ کر رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق وقوعہ کے وقت پارک میں موجود لوگوں اور انتظامیہ سے پوچھ گچھ بھی جاری ہے۔

زیادتی کے مرکزی ملزم کا اسکیچ تیار

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں مبینہ زیادتی کا شکار لڑکی کی مدد سے پولیس نے مرکزی ملزم کا اسکیچ تیار کر لیا۔

پولیس کے مطابق اسکیچ 80 فیصد ملزم سے مشابہت رکھتا ہے، جو تمام تھانوں کو جاری کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے بتایا ہے کہ ملزم کی عمر 35 سال ہے، جس کا رنگ سانولا اور قد 6 فٹ کے قریب ہے۔

پولیس کی جانب سے مشکوک افراد کی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

قومی خبریں سے مزید