تنازعات کا شکار رہنے والی بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کی شکایت پر ان کے شوہر عادل خان درانی کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، راکھی ساونت کے شوہر عادل خان کے خلاف اپنی والدہ کا خیال نہ رکھنے اور شادی شدہ ہونے کے باوجود بھی دوسری عورت کے ساتھ تعلقات ہونے کا مقدمہ درج کروانے پر ممبئی میں گرفتار کرکے اوشیوارا پولیس اسٹیشن لے جایا گیا ہے۔
راکھی ساونت نے گزشتہ روز اپنے شوہر عادل خان درانی پر دھوکہ دہی کے الزامات لگائے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ میں میڈیا کے سامنے کوئی ڈرامہ نہیں کررہی، عادل نے میری زندگی خراب کی، مجھے مارا، میرے پیسے کھائے، قرآن پر ہاتھ رکھنے کے باوجود بھی اس نے مجھے دھوکہ دیا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ حقیقت سامنے لانے کے لیے میں نے سارے ثبوت پولیس میں جمع کروادیے ہیں۔
راکھی ساونت کو گزشتہ روز دوستوں اور شوہر عادل خان درانی کے ساتھ ڈنر کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
سوشل میڈیا پر اس ڈنر کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں عادل خان کو راکھی ساونت کو اپنے ہاتھ سے کھانا کھلاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اداکارہ کا ان وائرل ویڈیوز کے بارے میں کہنا ہے کہ عادل میرے پاس معافی مانگنے آیا تھا لیکن میں اسے کبھی معاف نہیں کروں گی۔
اُنہوں نے عادل کے ہاتھ سے کھانا کھانے کے بارے میں کہا کہ میں گھر میں ہمیشہ عادل کو کھانا کھلاتی تھی کیا پتا یہ میری زندگی کا آخری نوالا ہو، دشمن بھی گھر آتا ہے تو اسے پانی پلاتے ہیں یہ تو پھر میرا شوہر ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں عادل کو ہمیشہ چاہتی رہوں گی لیکن معاف نہیں کروں گی۔