• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کامران اکمل کا تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان


قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ نٸی ذمہ داریوں کے باعث اب کرکٹ نہیں کھیل سکوں گا، جب بھی موقع ملے گا تھوڑی بہت لیگ کھیل لوں گا۔

کامران اکمل نے مزید کہا کہ سلیکٹر بننا اور کوچنگ کرنا ایک نیا رول ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ورلڈ کلاس پلیٸر ہے، اس کی بیٹنگ میں کوئی خامی نہیں، ان کا زلمی میں آنا خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپنرز جہاں بابر اعظم کو پریشان کرتے ہیں، اس پر کام کر رہے ہیں، وہ بہترین کھلاڑی ہے، کپتانی میں جو خامیاں ہیں اس پر بات کی ہے۔

کامران اکمل کا کہنا تھا کہ بابر میرا بھائی ہے، مجھے اس کی تعریف کرنے کی ضرورت نہیں، میں نے کبھی عمر اکمل اور عدنان اکمل کی بھی تعریف نہیں کی، میں چاہتا ہوں میرے بھائیوں کی تعریف دنیا کرے۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ کوئٹہ اور پشاور کا میچ ہمیشہ سے کانٹے کا ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بابر کے ساتھ اوپنر کون ہوگا؟ یہ فیصلہ ڈیرن سیمی اور بابر کریں گے، ڈیرن سیمی کے ہونے سے بابر کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید