• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا میں غیر جانبدار اسٹاف کی تعیناتی یقینی بنائی جائے، چیف الیکشن کمشنر

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں انتخابات سے قبل غیر جانبدار اسٹاف کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام انتظامی پوسٹوں پر تعینات افسروں کے تبادلے فوری طور پر ان ہی بنیادوں پر کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران غیر جانبدار افسران کی تعیناتی انتہائی ضروری ہے۔

اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور الیکش کمیشن ممبران نے شرکت کی۔

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے کہا کہ یقینی بنایا جائے گا کہ انتخابات سے قبل تمام اضلاع میں غیر جانبدار افسران تعینات ہوں۔

اس موقع پر آئی جی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے میں انتخابات کیلئے 57 ہزار اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان سے پولیس کی خدمات لینے پر بھی کمی پوری نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ اہلکاروں کی کمی پوری کرنے کیلئے پاک فوج اور ایف سی کی مدد درکار ہوگی۔

آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران دہشتگردی کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا، نہیں کہا جاسکتا کہ آئندہ انتخابات مکمل طور پر پُرامن ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2022 میں پولیس پر 494 حملے ہوئے، 119 پولیس جوان شہید ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2023 میں اب تک 46 حملے ہوچکے ہیں، جبکہ 93 جوان شہید ہوچکے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ فوج اور ایف سی کی تعیناتی کیلئے وزارت داخلہ اور دفاع سے رابطے میں ہیں، مزید ورکنگ کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں تعینات ڈی آر او یا آر او کے خلاف شکایت ہو تو مطلع کیا جائے تاکہ تعینات آر او یا ڈی آر او کے خلاف ضروری کارروائی ہوسکے۔

قومی خبریں سے مزید