• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمٰن نے خواتین کے قومی دن پر پیغام جاری کیا ہے۔

جاری پیغام میں شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ خواتین کے قومی دن پر تمام باہمت، محنتی، بہادر خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں، ملک کی 49 فیصد آبادی عورتوں پر مشتمل ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہماری جرأت مند عورتیں ہی دستاویزی اور غیر دستاویزی معیشت کا پہیہ چلاتی ہیں، ہماری عورتیں ملک کا سرمایہ ہی نہیں سہارا بھی ہیں۔

وفاقی وزیر و سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکر ہو یا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی اور انقلابی منصوبے لائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا پیپلز پاورٹی رڈکشن پروگرام خواتین کی ترقی کی نئی مثال بن رہا ہے، ہماری خواتین ایک خود کفیل معاشرے کی بنیاد ڈال رہی ہیں۔

شیری رحمٰن نے بیان میں کہا ہے کہ منصوبے کے تحت غریب خواتین کو اپنے کاروبار کے لیے بلا سود قرضہ دیا جا رہا ہے، انقلابی منصوبے کے ذریعے خواتین معاشی استحکام اور ترقی کو یقینی بنا رہی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ 4 سال سے جاری منصوبے سےاب تک 13 لاکھ خواتین مستفید ہو چکیں، اس منصوبے سے 80 ہزار سے زائد خاندان غربت کی لکیر سے اوپر آ چکے ہیں۔

وفاقی وزیر و سینیٹر نے مزید کہا ہے کہ سندھ حکومت کے خواتین اور سماجی ترقی کے دیگر کئی منصوبے بھی جاری ہیں، ہم صرف ’تبدیلی‘ کے نعرے نہیں لگاتے، بلکہ معاشرے کی ترقی کے انقلابی منصوبے بھی لاتے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمٰن کا یہ بھی کہنا ہے کہ معاشرے میں سماجی اور معاشی انقلاب نعروں سے نہیں وژن اور کارکردگی سے آتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید