پی ٹی آئی رہنما، و سابق وفاقی وزراء پرویز خٹک اور شہریار آفریدی نے 50، 50 ہزار روپے جرمانہ سرکاری خزانے میں جمع کرا دیا۔
الیکشن کمیشن خیبر پختون خوا کے مطابق پرویز خٹک این اے 25 نوشہرہ سے ضمنی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، ان پر بلدیاتی انتخابات میں لوئر دیر میں ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔
الیکشن کمیشن کے پی کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک نے وفاقی وزیر کی حیثیت سے جلسے میں شرکت کی تھی، جس پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے ان پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔
الیکشن کمیشن خیبر پختون خوا کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک نے جرمانہ سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرایا تھا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے آر اوز کو ہدایت کی گئی تھی کہ ضمنی انتخابات کے ایسے امیدواروں سے سابقہ جرمانے کی وصولی کی جائے۔
ادھر سابق وفاقی وزیر شہر یار آفریدی نے بھی 50 ہزار روپے جرمانہ قومی خزانے میں جمع کرا کے چالان ریٹرننگ آفیسر کو پیش کر دیا ہے۔