پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ہم عوامی چندے پر چلتے ہیں۔
کراچی میں ایف آئی اے کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس مفروضوں پر کھڑا ہے، تمام جماعتوں کی فنڈنگ کا حساب ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے میں ہم مختلف مقدمات بھگت رہے ہیں، ہمارے خلاف ایف آئی اے کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ اور جے یو آئی کے پاس عوامی فنڈنگ نہیں ہے، ان کے حساب کتاب کھولیں پتہ چلے گا کہ ملک کے ساتھ کیا ہوا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ عوامی حکومت کو مفروضوں کی بنیاد پر گھر نہیں بھیجنا چاہیے، رجیم چینج کے نتیجے میں پاکستان مشکل حالات میں ہے۔
پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ پنجاب اور کے پی میں انتخابات سے عمران خان کو دو تہائی اکثریت ملے گی۔