• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
سابق وزیر اعظم عمران خان—فائل فوٹو
سابق وزیر اعظم عمران خان—فائل فوٹو

بینکنگ کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی ضمانت پر فیصلہ مؤخر کر دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت بینکنگ کورٹ میں ہوئی۔

بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

جج رخشندہ شاہین نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں عمران خان کی ضمانت پر فیصلہ مؤخر کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کنفرم کر لیا ہے ہائی کورٹ نے ہمیں روکا ہے۔

عدالت نے 18 فروری کو ہائی کورٹ کے حکم کی مصدقہ نقل جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس پر سماعت 18 فروری تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بینکنگ کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو آج عدالتی وقت ختم ہونے سے پہلے پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

بینکنگ کورٹ کی جج نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کو آج ساڑھے 3 بجے تک پیش ہونے کی مہلت دی تھی۔

جج رخشندہ شاہین نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان پیش نہیں ہوتے تو قانون اپنا راستہ بنائے گا۔

عمران خان کے وکلا نے بینکنگ کورٹ میں پیش ہو کر اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے سے جج کو آگاہ کیا۔

عمران خان کے وکیل نے کہا کہ ہائی کورٹ نے اس عدالت کو ضمانت درخواست پر فیصلے سے روک دیا ہے۔

بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے کہا کہ مجھے ابھی تک اس متعلق کوئی آرڈر نہیں ملا۔

عمران خان کے وکیل نے کہا تھا کہ 4 بجے تک انتظار کر لیں، ہائی کورٹ کے آرڈر کی کاپی مل جائے گی۔

بینکنگ کورٹ کی جج نے کہا تھا کہ اگر ایسا آرڈر ہو چکا ہے تو رک جاؤں گی ورنہ فیصلہ جاری کروں گی۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے انجریز اور عمران خان کی عمر کو دیکھا ہے، ہائی کورٹ نے کہا کہ آپ کو کافی اکاموڈیٹ کیا گیا اور تاریخیں دی گئی ہیں، 22 فروری کو فریش میڈیکل رپورٹ جمع کرانے کا بھی کہا گیا ہے۔

جج رخشندہ شاہین نے کہا کہ ہائی کورٹ نے ضمانتِ درخواست پر فیصلے سے روکا تو اسے دیکھ لیں گے، ہائی کورٹ نے اسٹے آرڈر نہ دیا تو درخواست ضمانت پر فیصلہ جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ آرڈر مل جائے تو اس کی تصدیق بھی کرائی جائے گی۔

بینکنگ کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے آرڈر کی مصدقہ کاپی طلب کرتے ہوئے سماعت میں کچھ دیر کا وقفہ کیا تھا۔

عمران خان کی درخواست ضمانت، ہائیکورٹ نے بینکنگ کورٹ کو فیصلے سے روک دیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے بینکنگ کورٹ کو 22 فروری تک عمران خان کی درخواست ضمانت پر فیصلے سے روک دیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی بینکنگ کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس طارق جہانگیری نے سماعت کی۔

قومی خبریں سے مزید