کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے آئندہ سال سےگنے کی فی من قیمت میں 98 روپے کا مزید اضافہ کرتے ہوئے 400 روپے فی من کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ایک بیان میں سابق صدر نے کہا کہ کاشتکاروں اور کسانوں سے انصاف کرنے سے زراعت ترقی کرے گی۔ کاشتکاروں اور کسانوں کو محنت کا پھل ملنے سے ان کی حوصلہ افزائی ہو گی۔آصف زرداری نے مزید کہا کہ گنے کی فی من قیمت 400 روپے کرنے سے کسان خوشحال ہوگا اور وہ زراعت پر توجہ دے گا۔ان کا کہنا تھا کہ گنے کی منصفانہ قیمت سے ملک چینی کی پیداوار میں خود کفیل ہوگا، وقت آگیا ہے کہ کسانوں سے ناانصافیوں کا ازالہ کیا جائے۔واضح رہے کہ سندھ میں4 ماہ پہلے گنے کی قیمت 302 روپے فی من مقرر کی گئی تھی جبکہ پنجاب میں گنے کی قیمت 300 روپے فی من ہے۔