• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنیما پاکستان اور بھارت کو زیادہ قریب لاسکتا ہے، شبانہ اعظمی

شبانہ اعظمی، فائل فوٹو
شبانہ اعظمی، فائل فوٹو 

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شبانہ اعظمی کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے بجائے سنیما پاکستان اور بھارت کو زیادہ قریب لاسکتا ہے۔

شبانہ اعظمی نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مشترکہ پروڈکشن سے بننے والے پراجیکٹس کے حق میں ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ کرکٹ دو روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کو قریب لانے کے بجائے دوریاں بڑھاتی ہے لیکن فن ایک ایسی چیز ہے جو ان دو ممالک کو متحد کرتی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ فن کے ذریعے ملکوں میں سماجی تبدیلی لائی جاسکتی ہے اور سنیما کے ذریعے یہ کام اور بھی آسانی سے ممکن ہے۔

شبانہ اعظمی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے اور دونوں پڑوسی ممالک مل کر اچھی فلمیں پروڈیوس کرسکتے ہیں۔

اُنہوں نے سجل علی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سجل کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا، یہاں تک کہ میرے اور سجل کے درمیان عمر کے فرق کے باوجود بھی ہم دونوں میں بہترین دوستی ہوگئی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ سجل بہت پیاری ہے، میرا دل کرتا ہے کہ اسے پکڑ کے رکھوں اور کہیں جانے نہ دوں۔

واضح رہے کہ برطانوی اسکرین رائٹر جمائما گولڈاسمتھ کی تحریر کردہ فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کو بھارتی ہدایتکار شیکھر کپور نے تخلیق کیا ہے۔

اس فلم کی کاسٹ میں کئی پاکستانی اور بھارتی اداکاروں کو شامل کیا گیا ہے جوکہ 24 فروری کو برطانیہ میں ریلیز ہوگی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید