چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم خوف کے بت توڑ کر میدان میں آرہی ہے۔
عمران خان نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی سے ملاقات میں کیا۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، جیل بھرو تحریک اور عام انتخابات جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر عمران خان اور پرویز الہٰی نے ن لیگ کی عدلیہ مخالف مہم کی مذمت کی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ حکمران آئین کو مان رہے ہیں اور نہ ہی عدالتی فیصلے تسلیم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، نااہل حکمران ٹولہ الیکشن سے خوفزدہ ہوکر انتقامی کارروائیوں پر اتر آیا ہے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ جیل بھرو تحریک کے تحت ملک بھر سے پارٹی رہنما، کارکن اور عوام رضاکارانہ گرفتاریاں دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نااہل ٹولے نے پہلے ملکی معیشت کو تباہ کیا اوراب آئین کو پامال کیا جارہا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ حکمران مزید جتنے دن اقتدار میں رہیں گے ملک کو اتنا ہی زیادہ نقصان ہو گا، ملک کو درپیش معاشی بحران سے نکالنے کیلئے الیکشن ناگزیر ہیں۔
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ مسلم لیگ ن اپنی روایت کے مطابق عدلیہ پر حملہ آور ہے، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر بھی عمل نہیں کیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ حکمران اتحاد عمران خان سے خوفزدہ ہے، الیکشن کمیشن اور گورنرز یاد رکھیں، آئین شکنی پر آئین ہی ان کے خلاف راستہ لے گا۔