• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ پنجاب کھو چکی، اب اسکا کا کوئی مستقبل نہیں، چوہدری پرویز الہٰی

چوہدری پرویز الہٰی - فوٹو: فائل
چوہدری پرویز الہٰی - فوٹو: فائل

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب کھو چکی ہے۔ اب ن لیگ کا کوئی مستقبل نہیں، شہباز شریف تاریخ کے نااہل ترین حکمران ثابت ہو رہے ہیں۔

شہباز شریف کی نااہلیوں کا بوجھ اٹھانے کےلیے مریم نواز بھی تیار نہیں،  مریم نواز کی لندن سے واپسی پر دوبارہ لانچنگ بھی ناکام ہوگئی۔

چوہدری پرویز الہٰی سے مسلم لیگ (ق) کے رہنما ساجد احمد خان بھٹی کی ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور قانونی معاملات پر مشاورت کی گئی۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان کے خوف نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ ن لیگ میں سیاسی میدان میں عمران خان کا مقابلہ کرنے کی ہمت نہیں، پنجاب کا سیاسی میدان بھی عمران خان کے نام ہوچکا ہے۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ پی ڈی ایم کی کوشش ہے اقتدار سے چمٹے رہیں جس کےلیے انہیں آئین شکنی بھی قبول ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک میں گرفتاریاں دینے کےلیے کارکنوں کا جوش و جذبہ دیدنی ہے۔ اوور سیز پاکستانی بھی گرفتاری کےلیے اپنا نام رضا کارانہ پیش کر رہے ہیں۔ اس وقت پاکستان کی سیاست کا ایک ہی اسٹار ہے اس کا نام عمران خان ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ حکمرانوں کے انتقامی اقدامات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، ہمارے حامیوں کو غیر قانونی طور پر اٹھا کر لا پتا کیا جا رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید