مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل) ممتاز پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں بھی مجھ جیسے باکسر پیدا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانچسٹر کے مقامی ہال میں عامر خان فوڈ یشن کی فنڈ ریزنگ کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے ان علاقوں میں لوگوں کی مدد کررہے ہیں جہاں پر کوئی اور ادارہ نہیں جاتا، وہاں پر ایسے علاقے بھی ہیںجہاں صاف پانی جوکہ ہر انسان کیلئے ضروری ہوتا ہے نہیں ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر ایسے علاقوں میں اپنے فوڈیشن کے ساتھ مل کر کھانے پینے کی اشیاء پہنچائی جائیں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بڑی صلاحیت موجود ہے میں نے پاکستان جاکر دیکھا ہے کہ ہمارے نوجوان بڑے ہمت اور حوصلے والے ہیں، وہ کسی بھی مشن کو آگے لے کر جاسکتے ہیں اور پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لیے بڑا جذبہ رکھتے ہیں، مجھے اپنے پاکستان سے بہت پیار ہے، میرے والدین پاکستان سے آئے اور برطانیہ آکر محنت کی اور مجھے پڑھایا، لکھایا اور آج ایک کامیاب انسان بنایا، میں نے اللہ تعالیٰ کے فضل سے پاکستان اور برطانیہ کا پوری دنیا میں نام روشن کیا ہے اور میں چاہتا ہوں کہ میرے برطانوی نوجوان بھی کھیل کے علاوہ دوسرے شعبوں میں بھی آگئے آئیں اور اپنا، والدین کا نام بلند کریں۔ عامر خان کے والد مسٹر شاہ نے کہا کہ مجھے اپنے بیٹے پر فخر ہے، میں چاہتا ہوں دیگر نوجوان بھی میرے بیٹے جیسے بن کر والدین کا نام روشن کریں۔ دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ ہمیں عامر خان کی بھرپور مدد کرنی چاہیے، کیونکہ عامر خان پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک میں جاکر غریبوں، بے سہارا لوگوں کی مدد کررہے ہیں۔ دوسرے ممالک کے لوگ عامر خان کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پروگرام میں اسلامک فریم کی نیلامی کی گئی جو رقم اکٹھی کی گئی وہ عامر خان فوڈیشن کے اکائونٹ میں جائے گی تاکہ رمضان المبارک میں غریبوں، بے سہارا لوگوں کی مدد کی جائے۔