• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
فائل فوٹو
فائل فوٹو

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں ان دنوں ہونے والی دھند کچھ غیر معمولی ہے، شہر گزشتہ ہفتے سے روزانہ دھند کی لپیٹ میں ہے۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے جواد میمن نے کہا کہ فروری میں اتنی گہری اور لمبے دورانیے کی دھند عام طور پر نہیں ہوتی، دھند سمندر سے چلنے والی نم ہواؤں کی وجہ سے ہے، ان دنوں زمین کا درجہ حرارت کم اور سمندر کا زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نم سمندری ہوا زمین پر کم درجہ حرارت کے باعث دھند بن جاتی ہے، صاف آسمان اور ہوا کی کم رفتار کے باعث صبح میں کراچی دھند کی لپیٹ میں رہتا ہے، 90 فیصد سے زائد نمی بھی دھند کی وجہ ہے۔

جواد میمن کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کراچی میں دھند ہوتی رہے گی، کل سے گرمی کی شدت میں کمی آ جائے گی، مارچ میں ملک میں معمول یا معمول سے زائد بارشیں ہو سکتی ہیں، مارچ میں 4 سے 5 سسٹم ملک پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، کراچی میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار نے کہا کہ کراچی میں مارچ میں سمندری ہواؤں کی رفتار معمول یا معمول سے زائد ہو سکتی ہے، 26 اور 27 فروری کو ایک طاقتور مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ملک کے شمالی حصے، بلوچستان اور پنجاب کے علاقوں میں اچھی بارشیں ہو سکتی ہیں جبکہ سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ میں بھی اس سسٹم سے ہلکی بارش کا امکان رہے گا، یہ سسٹم 2 یا 3 مارچ تک اثر انداز رہ سکتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید