اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کرپشن پر کڑی سزاؤں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ محض نصیحتوں سے کرپشن کے پروردہ لوگ ٹھیک نہیں ہونگے ، جن لوگوں نے کرپشن سے دولت سمیٹی ہے ان کے پاسپورٹ ضبط کئے جائیں ، انہیں عمر بھر کے لئے نااہل قراردیا جائے، عمر قید کی سزادے کر جیلوں میں بند کیا جائے اورجائیداد بحق سرکار ضبط کرلی جائے ۔حکومت اور اپوزیشن کی مرضی سے مقرر کیا گیا نیب کا افسر حکومتی اور اپوزیشن کی صفوں میں موجود لٹیروں کا احتساب کیسے کرسکتا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ لاجز میں مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ ہماری کرپشن فری تحریک کا مقصد جمہوریت کا نہیں کرپشن کا خاتمہ ہے ،عوام قومی سرمایہ لوٹ کر پانامہ ،لندن اور دبئی لے جانے والوں کا کڑا احتساب چاہتے ہیں،ٹی او آرز پر گیند حکومت کے کورٹ میں ہے،لیکن وہ اس معاملے میں آگے بڑھنے میں سنجیدہ نظر نہیں آتی ، اپوزیشن نے حکومت کو راہ راست پر لانے کی بڑی کوشش کی ہے مگر اب تک کی کوششوں کا کوئی مثبت نتیجہ سامنے نہیں آسکا ۔