اسلام آباد(ایجنسیاں)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ صدرعارف علوی نے اپنا حق ادا کردیاہے‘ملک میں انتخابات نہ ہوئے تو خانہ جنگی ہوگی‘ نامکمل کورم سے 170 ارب کا ضمنی مالیاتی بجٹ منظور کروانا جمہوریت کی توہین ہے۔ اسلام آباد کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہناتھاکہ صدر کو چاہیے کہ وزیراعظم شہبازشریف کواعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں،حکومتی تاش کے پتے بکھرنا شروع؛ چیئرمین نیب کا استعفی پہلی کڑی ہے ۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے کہا ان کی حکومت نہیں، تو کون آپ کو لے کر آیا؟ 22 فروری کو گرفتاری دینے کے لیے تیارہوں، معلوم نہیں انتخابات ہوں گے یا نہیں لیکن ڈھول حکومت کے گلے میں لٹکا رہیگا۔ دریں اثناء سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں شیخ رشید کا کہنا ہے کہ صدر عارف علوی کی بات نہ مانی گئی تو آئینی بحران پیدا ہوگا، ملک بند گلی میں چلا جائے گا۔غریب ایڑیاں رگڑ کر مر رہا ہے اور آئی ایم ایف کا فیصلہ کولڈ سٹوریج میں پڑا ہے۔سابق وزیر داخلہ نے کہاکہ آرمی چیف میرے گھر کی ڈکیتی پر تحقیقات کروائیں اور میرے موبائل فون واپس کروائیں، پولیس مال دینے سے انکاری ہے اور کسی اور طرف اشارہ کر رہی ہے۔