بھارت کے شہر گرگاؤں میں کورونا وائرس سے خوف زدہ ہو کر خود کو اور اپنے بچے کو 3 سال تک گھر میں بند رکھنے والی خاتون کو پولیس اور محکمہ صحت کے اہلکاروں نے ریسکیو کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس، محکمہ صحت اور چائلڈ ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے گھر کا دروازہ توڑ کر خاتون اور اس کے 10 سالہ بچے کو باہر نکالا۔
رپورٹس کے مطابق خاتون کی عمر 30 سے 35 سال کے درمیان ہے اور وہ ان سالوں کے دوران اپنے شوہر کو آفس جانے کے بعد گھر میں داخل ہونے کی اجازت بھی نہیں دیتی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون کے شوہر نے ابتدا میں کچھ روز اپنے رشتے داروں اور دوستوں کے گھر رہ کر گزارے تاہم بیوی سے گھر آنے کی متعدد درخواست کرنے کے بعد اجازت نہ ملنے پر اس نے اسی علاقے میں کرائے پر گھر لے کر رہنا شروع کردیا۔
رپورٹس کے مطابق خاتون کا شوہر اس دوران اپنی تمام ذمہ داریاں نبھاتا رہا اور وہ ویڈیو کال کے ذریعے اپنی بیوی اور بچے سے رابطے میں رہا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شوہر اس دوران گھر کے بجلی کے بل اور کرایہ سمیت بچے کی اسکول کی فیس باقاعدگی سے ادا کرتا رہا اور اس نے دیگر اخراجات سمیت کھانے پینے کی چیزوں کا بھی خیال رکھا۔
پولیس کے مطابق خاتون نے بچے کو آن لائن کلاسز لینے کے لیے اسمارٹ فون دے رکھا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس سارے معاملے کے کچھ وقت بعد شوہر نے پولیس سے رابطہ کیا تاہم پولیس نے خاندانی معاملہ ہونے کا کہہ کر اس کی مدد کرنے سے انکار کردیا تھا۔