برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) نے بھارت میں اپنے دفاتر پر ٹیکس چھاپوں اور سنسرشپ کے باوجود کام نہ روکنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق بی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل ٹم ڈیوی نے ای میل کر کے بھارت میں کام کرنے والے عملے کو سراہا۔
ٹم ڈیوی نے کہا ہے کہ بغیر کسی خوف یا حمایت کے رپورٹنگ کرنے سے زیادہ اہم کوئی چیز نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض یہ ہے کہ ہم آزاد اور غیرجانبدار صحافت کے ذریعے حقائق کی پیروی کریں۔
ٹم ڈیوی نے کہا کہ بہترین تخلیقی مواد تیار کریں اور ہم اس کام سے باز نہیں آئیں گے۔
ٹم ڈیوی نے یہ بھی کہا کہ بی بی سی کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف دستاویزی فلم چلانے پر بھارت میں برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے دفاتر پر حکومت نے کریک ڈاؤن کیا تھا۔
اس دوران بھارتی انکم ٹیکس حکام نے بی بی سی کے دفاتر میں تفتیش کے دوران ملازمین کے موبائل فونز اور لیپ ٹاپ کا بھی معائنہ کیا تھا۔