پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ مریم نواز کی سربراہی میں ن لیگ ایک بار پھر عدلیہ پر حملہ آور ہے۔
لاہور میں سابق ارکان اسمبلی اور دیگر رہنماؤں نے پرویز الہٰی سے ملاقات کی اور انہیں پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارک باد دی۔
اس دوران چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ن لیگ ہمیشہ اپنی کمزوریوں کو چھپانےکے لیے اداروں کو متنازع بناتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی سربراہی میں حکمران جماعت ایک مرتبہ پھر عدلیہ پر حملہ آور ہے، ن لیگ عوام پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ 18 دن سے لاپتا محمد خان بھٹی کی بازیابی کے لیے ہم سب دعا گو ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل ہوچکی ہیں، دونوں صوبوں میں الیکشن ہر صورت ہونے ہیں، انتخابات کرائے جائیں۔
چوہدری پرویز الہٰی نے یہ بھی کہا کہ عوام جو فیصلےکرتی ہے وہی درست ہوتے ہیں، گورنر، الیکشن کمیشن دونوں اپنے اختیارات سے بھاگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ تاریخ کا اعلان نہیں کر سکتے تو پھر بتائیں الیکشن کا اعلان کون کرے گا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی نااہلی سے ملک اس وقت شدید سیاسی اور معاشی بحران کا شکار ہے۔