ملتان (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کرپشن پر کڑی سزاؤں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ محض نصیحتوں سے کرپشن کے پروردہ لوگ ٹھیک نہیں ہونگے ۔ارکان اسمبلی کی طرف سے اپنی جائیدادوں کے جمع کرائے گئے گوشواروں کی چھان بین اور تحقیقات کرکے اندرون و بیرون ملک جائیدادوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے اور جن لوگوں نے کرپشن سے دولت سمیٹی ہے ان کے پاسپورٹ ضبط کئے جائیں ، انہیں عمر بھر کے لئے نااہل قراردیا جائے، عمر قید کی سزادے کر جیلوں میں بند کیا جائے اورجائیداد بحق سرکار ضبط کرلی جائے ۔حکومت اور اپوزیشن کی مرضی سے مقرر کیا گیا نیب کا افسر حکومتی اور اپوزیشن کی صفوں میں موجود لٹیروں کا احتساب کیسے کرسکتا ہے ۔چیئرمین نیب ایسے شخص کو ہونا چاہیے جو کسی کا احسا ن مند نہ ہو اور بلاامتیاز احتساب کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہماری کرپشن فری تحریک کا مقصد جمہوریت کا نہیں کرپشن کا خاتمہ ہے ،