اسلام آباد یونائیٹڈ کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے کہا ہے کہ کوشش ہوتی ہے ناقدین کو منہ کے بجائے بیٹ سے جواب دوں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں اعظم خان نے کہا کہ اب میں تنقید کو اتنا نہیں سنتا ہوں، یہ سلسلہ تو چلتا رہتا ہے، میں زندگی میں تنقید سے کتنا دور بھاگوں گا؟
انہوں نے کہا کہ میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ میں بیٹ سے کھیلوں اور منہ سے جواب نہ دوں۔
اعظم خان نے مزید کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مجھے پلیئر بنانے میں بہت ہاتھ ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے مجھ پر بہت اعتماد کیا ہے، جس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ میں جا کر میری پرفارمنس مزید بہتر ہوئی ہے، میرے والد مجھ پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹر نے یہ بھی کہا کہ پی ایس ایل کی خوبصورتی یہ ہے کہ بڑے سنسنی خیز میچز ہوتے ہیں، ایونٹ میں مزہ یہ ہے کہ ایک دوسرے سے رقابت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ٹیم کی ضرورت اور صورتحال کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں، سب کو علم ہے میں چھکے مارتا ہوں۔
اعظم خان کا کہنا تھا کہ پچھلے میچ کی اچھی پرفارمنس پر خوش ہوں، کراچی کے کراؤڈ نے بھی میری 97 رنز کی اننگز کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ میچ میں گیند بیٹ پر آرہی تھی، گراؤنڈ اسٹاف نے بڑی اچھی پچز تیار کی ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹر نے کہا کہ میڈیا میں جب مجھ سے مزاحیہ سوالات ہوتے ہیں تو مزہ آتا ہے اور جواب دینا بھی اچھا لگتا ہے۔