یوکرین کے سابق باکسنگ چیمپئن ولادیمیر کلٹشکو نے لیپرڈ ٹینک چلاتے ہوئے ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کر دی۔
یہ ٹینک جرمنی کی طرف سے یوکرین کو روس کے خلاف جاری جنگ میں لڑائی کیلئے دیا گیا ہے۔
ویڈیو میں کلٹشکو کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ ٹینک چلائیں گے۔
انہوں نے جرمنی اور دیگر تمام آزاد ممالک کا شکریہ ادا کیا کہ وہ یوکرین کو اس مشکل گھڑی میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔
46 سالہ باکسر دارالحکومت کیف کے میئر وٹالی کلٹشکو کے بھائی ہیں۔
یہ ویڈیو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے کہ جب جرمنی نے یوکرین کو 4 مزید لیپرڈ ٹینک دینے کا اعلان کیا ہے جس سے کُل ٹینکوں کی تعداد 18 ہوجائے گی۔
خیال رہے کہ جرمنی نے رواں ماہ کے آغاز میں ہی یوکرین کو 14 ٹینکوں کی پہلی کھیپ روانہ کی تھی جبکہ پولینڈ نے 4 ٹینک جمعہ کے روز دیے ہیں۔
سوئیڈن نے بھی یوکرین کو 10 لیپرڈ ٹینک اور اینٹی ایئر سسٹم فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔