• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز الدین صدیقی کی وجہ سے اہل خانہ نے میری بیٹی کو اب تک نہیں دیکھا، بھائی شمس نواب صدیقی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

تنازعات کا شکار ہونے والے بالی ووڈ کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی کے بھائی شمس نواب صدیقی نے اداکار پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ ان کی وجہ سے میری نجی زندگی متاثر ہوئی، ان کی وجہ سے اہل خانہ نے میری بیٹی کو اب تک نہیں دیکھا۔

انہوں نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ’عالیہ صدیقی کو میں نے نواز الدین سے ملوایا، عالیہ صدیقی اس فلم کی ہیروئن تھیں جس فلم کو میں بطور ہدایت کار ایسسٹ کر رہا تھا، وہ پہلے میری دوست تھی، ان دونوں کی ملاقات میری وجہ سے ہوئی اور عالیہ صدیقی نے نوازالدین کے ساتھ زندگی گزارتے ہوئے بہت کچھ برداشت کیا ہے‘۔

انہوں نے انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ نواز الدین کی وجہ سے میری نجی زندگی بہت متاثر ہوئی ہے، ان کے ساتھ کام کرکے مجھے کوئی فائدہ نہیں ہوا لیکن جب 2020 میں ان سے الگ ہوا ہوں تب سے میرا کام بہت اچھا چل رہا ہے۔

شمس نواب صدیقی کا کہنا ہے کہ میں 46 برس کا ہو گیا ہوں صرف ان کی وجہ سے میری اب تک شادی نہیں ہو سکی۔ انہوں نے مجھے کام میں اس قدر الجھا کے رکھ دیا تھا کہ نہ تو میں کوئی کام صحیح سے کر پا رہا تھا اور نہ ہی میری کوئی ذاتی زندگی تھی۔ جب سے ان سے الگ ہوا ہوں بہت خوش ہوں حال ہی میں میری شادی ہوئی اور 15 فروری کو میری بیٹی پیدا ہوئی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ نواز الدین بڑے بھائی ہیں اس لئے گھر میں ان کی زیادہ سنی جاتی ہے جب سے میں نے ان کے ساتھ کام الگ کیا ہے تب سے گھر والے مجھ سے زیادہ بات نہیں کر رہے اور آج 2 ہفتے ہوگئے ہیں بیٹی کو پیدا ہوئے لیکن کوئی بھی گھر سے دیکھنے نہیں آیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل شمس نواب صدیقی نے نواز الدین صدیقی کی ملازمہ سپنا رابن مسیح کی جانب سے معافی مانگنے کی خبر پر ردعمل دیا تھا۔

انہوں نے اس معاملے کو اسکرپٹڈ قرار دیتے ہوئے نواز الدین کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ ’آپ کتنے لوگوں کو خریدیں گے؟ اس طرح تو آپ کا بینک بیلنس ختم ہو سکتا ہے‘۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید