اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے گلگت بلتستان میں ججز کی تعیناتی کے خلاف وزیر اعلیٰ کی درخواست پر سماعت کے دوران کیس کے فیصلے تک تعیناتیوں پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم کو تقرریوں سے روک دیا۔جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے گلگت بلتستان میں ججز کی تعیناتی کے خلاف وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی درخواست پر سماعت کی۔جسٹس مظاہر اکبر نے کہا کہ ججز کو نوٹس دینا مناسب نہیں ہوگا،دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت عظمیٰ سے ایک ہفتے کی مہلت دینے کی استدعا کی جس کی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے وکیل مخدوم علی خان نے مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ ایک سال سے مقدمہ زیر التوا ہے، کیس عدالت میں ہے پھر بھی ججز کی تعیناتیاں کی جارہی ہیں۔