لاہور قلندرز نے ہاری بازی جیت لی، ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے 18ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 17 رنز سے ہرا دیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں لاہور قلندرز کے 149 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 131 رنز ہی بناسکی۔
قلندرز کی بولنگ لائن کے تجربے نے گلیڈی ایٹرز کو آسان ہدف بھی حاصل نہیں کرنے دیا۔
گلیڈی ایٹرز کا آغاز شاندار رہا، پہلی وکٹ پر 53 رنز کی شاندار پارٹنرشپ لگی، لیکن اس کے بعد لاہور نے بہترین کم بیک کیا جس کے بولرز کوئٹہ کی جیت میں حائل ہو گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ایک اینڈ تو سنبھالا لیکن دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرتی رہیں۔
پہلے اسپنر راشد خان نے دو وکٹیں لے کر کوئٹہ کے اسکورنگ ریٹ کو کم کیا جبکہ اس کے بعد حارث رؤف نے تین وکٹیں لے کر گلیڈی ایٹرز کے لیے ہدف مشکل بنا دیا۔
گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز تک ہی محدود رہی۔
کپتان سرفراز احمد نے 27 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ ول اسمیڈ 32، مارٹن گپٹل 15 اور یاسر خان 14 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
لاہور قلندرز کے بیٹرز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی عمدہ بولنگ پرفارمنس کے آگے بےبس نظر آئے اور وکٹیں خزاں رساں پتوں کی طرح گرتی رہیں۔
قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی خود پہلے بیٹنگ کرنے آئے لیکن یہ حربہ بھی کام نہ آیا اور صرف 16 رنز کے مہمان ٹھہرے۔
ایک موقع پر جب لاہور قلندرز کی ٹیم 50 رنز پر 7 وکٹوں سے محروم ہو گئی تو سکندر رضا کوئٹہ کے بولرز کے سامنے ڈٹ گئے۔
انہوں نے 21 رنز بنانے والے راشد خان کے ہمراہ 69 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، راشد خان کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیل اینڈرز کے ساتھ رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔
سکندر رضا نے 71 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کا ٹوٹل 148 رنز تک پہنچایا۔
راشد خان کے 21، شاہین شاہ آفریدی کے 16 اور عبداللّٰہ شفیق کے 15 رنز کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز اور نوین الحق نے دو، دو جبکہ عمید آصف، اوڈین اسمتھ اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔
لاہور قلندرز کے سکندر رضا کو میچ میں نمایاں بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
لاہور قلندرز کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔
جیسن روئے قومی خدمات کی وجہ سے ٹیم کے لیے دستیاب نہیں ہیں، جبکہ محمد حسنین مکمل فٹ نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں۔
کوئٹہ کی ٹیم کپتان سرفراز احمد، یاسر خان، مارٹن گپٹل، ول اسمیڈ، افتخار احمد، محمد حفیظ، محمد نواز، نسیم شاہ، اوڈین اسمتھ، نوین الحق اور عمید آصف پر مشتمل تھی۔
لاہور قلندرز کی کپتانی شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عبداللّٰہ شفیق، فخر زمان، طاہر بیگ، سیم بلنگز، حسین طلعت، سکندر رضا، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان شامل تھے۔