سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کیا عمران خان 22 کروڑ عوام سے زیادہ اہم ہے؟
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آئینی طریقے سے عمران خان کو ہٹایا گیا تو تباہی کی سیاست کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ایک شخص لگتا ہے کہ ریاست سے زیادہ طاقتور ہو گیا ہے، عمران خان لوگوں کو کہتا ہے کہ اپنے گھر والوں کو چھوڑو، وہ اپنی ذات کی پیروی کررہا ہے، ہم تعمیری ہیں وہ تخریبی ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ اس وقت ہم سب کو ذمے داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، موجودہ مالی حالت میں بھی بلاول بھٹو عوام کو سبسڈی دے رہے ہیں، ترقیاتی کاموں پر بھی فوکس کیا جا رہا ہے۔
سندھ حکومت کے ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر جو مقدمہ بلاول بھٹو لڑ رہے ہیں وہی مقدمہ یہاں بھی لڑنا ہے، پریس کانفرنس میں الزام لگانا ٹھیک نہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ہم سیاسی، معاشی اور معاشرتی اعتبار سے مشکلات سے دوچار ہیں، عدم برداشت اتنی ہو چکی کہ لوگ بات کرتے ہوئے گھبراتے ہیں، عام آدمی کے مسائل پر بات نہیں ہو رہی، حافظ نعیم الرحمٰن کے نام میں میئر نادرا کے ذریعے شامل کرا دیتے ہیں۔
ترجمان سندھ حکومت نے یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت نے کسان کو سپورٹ کرنے کا منصوبہ شروع کیا، ہاریوں اور انتظامیہ کا کتنا بڑا کارنامہ ہے کہ تاریخی سیلاب کے باوجود گندم کی کاشت کا اعلان کیا، ان شاء اللّٰہ اس سال بڑی فصل ہو گی، ہمیں کسانوں کو تقویت دینے کی ضرورت ہے۔