تحریک انصاف جاپان کے چیئرمین لالہ رفاقت خان نے کہا ہے کہ حکومت سمجھ لے عمران خان کی گرفتاری پر صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں حکومت کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔
ایک بیان میں لالہ رفاقت خان نے کہا کہ عمران خان کے خلاف ہر روز جھوٹے اور وہ بھی دہشت گردی کے مقدمے درج ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ عمران خان خود دہشت گردی کا شکار ہوئے ہیں، ان کو بھرے مجمعے میں گولیاں ماری گئی ہیں لیکن ان کے خلاف دہشت گردی کے پرچے کٹ رہے ہیں۔
لالہ رفاقت خان کا کہنا ہے کہ موجود ہ حکومت نے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مظالم کی حد کر دی ہے یہی وجہ ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معیشت تباہی کے کنارے پہنچتی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عنقریب تحریک انصاف جاپان کے صدر ملک یار محمد اور جنرل سیکٹریٹری دولت خان تحریک انصاف مجلس عاملہ کا اجلاس طلب کریں گے اور عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں پُر امن احتجاج کے حوالے سے لائحہ عمل طے کریں گے۔
لالہ رفاقت خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عمران خان اور دیگر رہنماؤں کی گرفتاری کی خواہش دل سے نکال کر پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے کام کرے۔