کپور خاندان سے تعلق رکھنے والی بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرشمہ کپور کی 3 برس بعد شوبز میں واپسی ہوئی ہے اور وہ اپنی دوسری ویب سیریز ’براؤن‘ میں نظر آئیں گی۔
اس ڈارک ڈرامہ میں کرشمہ کولکتہ پولیس کی افسر کا کردار ادا کریں گی۔
واضح رہے کہ کرینہ اور کرشمہ کپور ماضی کے معروف اداکاروں رندھیر کپور اور ببیتا کپور کی بیٹیاں ہیں، کرشمہ نے 17 برس کی عمر میں اپنا فلمی کیریئر 1991 کی فلم ’پریم قیدی‘ سے شروع کیا۔
ان کی یہ فلم باکس آفس پر ہٹ ہوئی۔ جس کے بعد انہوں نے متعدد فلموں جن میں سپنے ساجن کے، جگر (1992)، راجہ بابو، انداز (1994)، قلی نمبر ایک (1995)، راجہ ہندوستانی (1996)، دل تو پاگل ہے اور ہیرو نمبر ایک (1997) شامل ہے میں کام کیا، جس کی وجہ سے انہیں متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔
بعدازاں انہوں نے 2000 کے عشرے کے وسط میں اپنے بچوں سمیرا اور کیان کی پرورش کی وجہ سے اداکاری کو کچھ عرصے کےلیے چھوڑدیا تھا۔
حال ہی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کرشمہ کپور نے کہا کہ اداکاروں کےلیے فلمی کیریئر بنانا کس قدر مشکل ہوتا ہے اس کا اندازہ انہیں اپنے کیریئر کے دوران ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت بہت بدل چکا ہے، 1990 کے عشرے میں جب وہ انڈسٹری میں آئیں اور اب کافی تبدیلیاں آچکی ہیں، ہمارا زمانہ سوشل میڈیا کا نہیں تھا اس لیے توجہ حاصل کرنا کافی مشکل ہوتا تھا، اب سوشل میڈیا کی وجہ سے کافی آسانیاں ہوگئی ہیں۔