اسلام آباد ہائی کورٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہنواز پر مبینہ حملے کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت پر سماعت آج 3 بجے ہو گی۔
عمران خان نے اس موقع پر عدالتِ عالیہ میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کو شدید سیکیورٹی خطرات لاحق ہیں، جن کے پیشِ نظر آج حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔
سابق وزیرِ اعظم کے وکیل نعیم پنجوتھہ نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ عمران خان عدالت میں پیش ہونے کے لیے تیار تھے، ان کی جان کو خطرہ ہے، ان پر وزیر آباد میں قاتلانہ حملہ ہوا، کوشش کی جا رہی ہے کہ عمران خان پر دوبارہ قاتلانہ حملہ کیا جائے، عمران خان کو مختلف پیغامات مل رہے ہیں کہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔
جج نے سوال کیا کہ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر کہاں ہیں؟
وکیل نعیم پنجوتھہ نے جواب دیا کہ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر لاہور میں ہیں۔
جج نے عمران خان کے وکیل سے سوال کیا کہ کیا سلمان صفدر کو بھی سیکیورٹی تھریٹس ہیں؟
وکیل نعیم پنجوتھہ نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کی زمان پارک میں واقع رہائش گاہ چاروں اطراف سے بند ہے، جوڈیشل کمپلیکس عمران خان آئے، ان پر مقدمہ کر دیا گیا۔
جج نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کی حد تک تو کمرۂ عدالت میں آنے کی اجازت تھی۔
واضح رہے کہ عمران خان کی درخواستِ عبوری ضمانت چیف جسٹس اسلام آباد کی عدالت میں سماعت کے لیے مقرر ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے آج تک عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کی تھی۔