اسلام آباد ہائی کورٹ میں مبینہ بیٹی کو چھپانے کے الزام پر نااہلی کے کیس میں درخواست گزار چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 12 نئی دستاویزات لے آئے۔
نئی دستاویزات ریکارڈ پر رکھنے کی 138 صفحات کی تفصیلی درخواست عدالت میں جمع کرائی گئی ہے۔
درخواست میں کیلیفورنیا کی عدالت کے فیصلے کی کاپی بھی ریکارڈ کا حصہ بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔
دستاویزات میں عمران خان کے خلاف شیر افگن نیازی اور فاروق ستار کیسز کا مکمل ریکارڈ شامل کیا گیا ہے۔
دستاویزات میں عمران خان کے الیکشن کمیشن میں دیے گئے بیانِ حلفی کی کاپیاں بھی شامل ہیں۔
ضمنی الیکشن میں 7 نشستوں پر کامیابی کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی ریکارڈ پر رکھنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان نے ضمنی انتخابات میں 7 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، الیکشن کمیشن نے این اے 45 کرم سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا، حالیہ پیش رفت کے باعث درخواست میں ترمیم ضروری ہے۔
درخواست گزار کا یہ بھی کہنا ہے کہ درخواست میں ترمیم کے باوجود کیس کی نوعیت میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی، عمران خان نے حالیہ کاغذاتِ نامزدگی میں بھی ٹیریان جیڈ وائٹ کا ذکر نہیں کیا۔