کراچی(اسٹاف رپورٹر)تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے جمعہ کوانصاف ہائوس کراچی میں کہا کہ ہمارا خواب نیا پاکستان بنانے کا خواب ہے مگر ضرورت ہے اب نیا کراچی بھی بنایا جائے‘پنجاب اور سندھ حکومت اس وقت ایف آئی آر موڈ پر ہیں،الیکشن روکنے کیلئے حکومت ایڑھی چوٹی کا زور لگارہی ہے ۔اسد عمر کی زیر قیادت نئی کراچی تنظیم کا اجلاس منعقد کیا گیا ‘اجلاس کے شرکاء سے گفتگو میں اسد عمر نے کہا کہ کراچی کی نئی کابینہ کو مبارکباد دیتا ہوں،اسد عمر نے پی ٹی آئی کراچی تنظیم کوعام انتخابات کی تیاریوں کی ہدایات جاری کردیں،ساتھ ہی ساتھ پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے اسد عمر کو اپنی بریفنگ میں کراچی سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ آفتاب صدیقی نے کہا کہ کراچی میں سندھ حکومت کے لگائے منصوبے کئی سالوں سے تاخیر کا شکار ہیں، گزشتہ روز بی آر ٹی منصوبے کا دورہ کیا ہے جلد اورینج لائن منصوبے کا بھی دورہ کریں گے۔