اسلام آباد(جنگ نیوز) سپریم کورٹ نے انتخابی عذرداریوں کے کیس میں پنجاب اور کے پی کی 11 انتخابی عذرداریوں کو غیر موثر ہونے کی بنا پر خارج کردیا گیا،چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہاکہ کوشش ہے الیکشن سے متعلق مقدمات کا جلد فیصلہ کریں ، آئندہ الیکشن بہرحال قریب ہونا ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 60 سے زائد انتخابی عذرداریوں کے کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس اعجازالاحسن نے کہاکہ پنجاب اور کے پی اسمبلیاں ختم ہو چکی ہیں،سپریم کورٹ میں مقدمات صرف دستاویزات کی تصدیق کی حد تک ہی دائر کئے گئے تھے، مقدمات کے میرٹس پر ٹریبونل نے کوئی فیصلہ نہیں دیا، عدالت تصدیق سے متعلق درخواستیں منظور بھی کرلے تو بھی اسمبلیاں ختم ہو چکی ہیں۔