سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم ثابت کرے وہ عمران خان کے بغیر بھی جدوجہد کرے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ویڈیو بیان میں عمران خان نے کہا کہ میں آپ کی جنگ لڑ رہا ہوں، میری گرفتاری کے بعد آپ نے اپنے حقوق اور حقیقی آزادی کے لیے باہر نکلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس مجھے گرفتار کرنے آئی ہے، مجھے کچھ ہوجاتا ہے یا جیل چلا جاتا ہوں تو آپ نے جدوجہد جاری رکھنی ہے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ پولیس کا یہ خیال ہے میں جیل چلا جاؤں تو قوم سوجائے گی، آپ نے اپنے حقوق اور حقیقی آزادی کےلیے باہر نکلنا ہے، میں نے اپنی ساری زندگی یہ جنگ لڑی ہے اور لڑتا رہوں گا۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ آپ نے ثابت کرنا ہے کہ عمران خان کے بغیر بھی قوم جدوجہد کرے گی۔
عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر اسلام آباد پولیس کی ٹیم اور لاہور پولیس کی بھاری نفری زمان پارک میں موجود ہے۔
عمران خان کی گرفتاری کےلیے آنے والی پولیس ٹیم کو پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ عمران خان از خود گرفتاری دے دیں۔