• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ الیکشن کیلئے میدان میں اتر چکی، بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ن لیگ الیکشن جیتنے کےلیے میدان میں اتر چکی، بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔

شیخوپورہ میں جلسہ عام سے خطاب میں مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار پر تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ جو مشکل وقت میں اپنی جماعت کو چھوڑ کر چار پائی کے نیچے چھپ جائے ،اُسے لیڈر نہیں عمران خان کہتے ہیں۔

ن لیگی چیف آرگنائرز نے کہا کہ جیسے بچہ اسکول نہ جانے کے لیے پیٹ درد کے بہانے بناتا ہے، ایسے ہی عمران خان پیشی سے بچنے کے لیے کہتا ہے ٹانگ ٹوٹی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر مشکل ترین وقت آیا لیکن وہ ایک دن بھی گھبرا کر چھپا نہیں، ن لیگی قائد نے کارکنوں کو ڈھال نہیں بنایا، کبھی نہیں کہا میں بیمار ہوں پیشی پر نہیں آؤں گا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ نواز شریف نے اپنے کارکنوں کو سڑکوں پر ڈنڈے کھانے کے لیے نہیں چھوڑا، ن لیگی قائد شیروں کی طرح گرفتاری دینے آیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر پاکستان آیا اور کہا کہ اگر کسی کو قربانی دینی ہے تو نواز شریف دے گا، پوچھتی ہوں جب ظالم حکومت اور سہولت کار ایک پیج پر تھے کیا نوازشریف گھبرایا؟

ن لیگی چیف آرگنائز نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف نے چوری نہیں کی، دامن پر داغ نہیں تھا، اب مریم نواز تم سے پوچھتی ہے چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تلاشی اس لیے نہیں دیتے کہ چوری کی ہوئی ہے، جس طرح تمہارے دور میں مریم بہادری سے پابندیاں توڑ کر نکلتی تھی، تم بھی نکل کے دکھاؤ۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان اپنی گندی سیاست کی خاطر کتنی ماؤں کی گودیں اجاڑو گے؟ کل تمہاری ننھی منھی سی ریلی تھی، یہ لاہور کی خالی سڑکوں کے چکر لگاتا رہا عوام نہیں آئے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے لیے کوئی نہیں نکلے گا کوئی ماں اب اپنا بیٹا اس کے لیے شہید کرانے تیار نہیں، ظل شاہ اس کے گھر کے باہر بیٹھ کر کئی ہفتے اس کی حفاظت کرتا رہا۔

ن لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ اس نے ظل شاہ سے ہاتھ ملانا تک گوارہ نہ کیا، ابھی کارکنوں کو پولیس پیچھے دھکیل رہی تھی مجھے تکلیف ہوئی کہ میرے کارکنوں کو کوئی ہاتھ نہ لگائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ظل شاہ جاتے جاتے پوری قوم کو عمران خان کا مکروہ چہرہ دکھا کر گیا، جس کے مرنے کےبعد یہ گدھ کی طرح لاش پر ٹوٹ پڑے۔

مریم نواز نے کہا کہ ظل شاہ کے والد نے کل کہا کہ میرے بیٹے کی لاش اسپتال میں تھی یہ مجھے عمران خان کے پاس لے گئے، ڈھائی گھنٹے انتظار کرایا۔

انہوں نے کہا کہ اس کی بیٹے کی لاش پڑی تھی اور اس بادشاہ نے کہا کہ میرے دربار میں آؤ، جس کا بیٹا شہید ہوا تھا یہ اس کے سامنے ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر جوتا اس کی طرف کرکے بیٹھا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار کہتا ہے مریم نواز بد تمیز ہے، میں انہیں کہنا چاہتی ہوں میری پرورش نواز شریف جیسے باپ اور کلثوم نواز جیسی ماں نے کی ہے۔

ن لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ والدین نے مجھے جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق کہنا سکھایا ہے، ثاقب نثار، مریم نواز بدتمیزی نہیں کر رہی ہے، تمہارا چہرہ آئینے میں دکھا رہی ہے، جسے دیکھ کر تمہیں کراہت آرہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر انصاف کے دو معیار ہوں گے تو مریم نواز کبھی چپ نہیں بیٹھے گی، جب تک نواز شریف کے ساتھ انصاف نہیں ہوگا، ن لیگ ایسا الیکشن کبھی نہیں چاہے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ پہلے انصاف کے ترازو کے دونوں پلڑے برابر کرو، پھر چاہے صبح الیکشن کروادو، یہ نہیں ہوگا کہ نواز شریف ابھی بھی سزا بھگتے اور دوسری طرف مجرم عمران دندناتا پھرے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تحریک انصاف کی طرح نہیں جو اپنی بہنوں بیٹیوں پر حملے کردیتے ہیں، ہم بہنوں بیٹیوں کی عزت کرنا جانتے ہیں۔

ن لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ قوموں اور لیڈر کی زندگیوں میں مشکل وقت اور امتحان آتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب پرویز مشرف کے چیلے کہنے آئے کہ اسمبلی توڑنے پر دستخط کریں تو نواز شریف نے کہا تھا کہ اوور مائی ڈیڈ باڈی۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو علم تھا کہ بدترین انتقام ہو رہا ہے، وہ شیروں کی طرح لندن میں اپنی مرتی بیوی کو چھوڑ کر گرفتاری دینے آیا، ن لیگی قائد نے جھوٹے مقدمات میں 200 پیشیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی موجودگی میں مجھے گرفتار کیا گیا، جس بیٹی کو ن لیگی قائد نے پھولوں کی طرح رکھا، اُس کی گرفتاری کی اذیت برداشت کی کیونکہ اس نے چوری نہیں کی تھی۔

ن لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ اب میں پوچھتی ہوں چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے؟ تلاشی اس لیے نہیں دیتے کیونکہ چوری کی ہوئی ہے، چور اور ڈاکو گرفتاری سے چھپتے ہیں کسی سیاستدان کو گرفتاری سے چھپتے نہیں دیکھا۔

قومی خبریں سے مزید