وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے عمران خان کو پاکستان کی تاریخ کا بزدل ترین آدمی قرار دے دیا۔
میڈیا سے گفتگو میں عطاتارڑ نے کہا کہ عمران خان چوہوں کی طرح بیڈ کے نیچے چھپے ہوئے ہیں، یہ ملکی تاریخ کے بزدل ترین آدمی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان زمان پارک میں روپوش ہے، خود کو کمرے میں بند کر رکھا ہےاور قوم کے بچوں اور عورتوں کو کہتا ہے آجاؤ میری ڈھال بن جاؤ۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری کا وارنٹ آتا ہے تو انہیں مختلف بیماریاں ہوجاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس وارنٹ کی تعمیل وہیں کراتی ہے جہاں آپ رہائش پذیر ہوں، آپ جلسے اور ریلی کے لیے بیمار نہیں، عدالت جانے کے لیے بیمار ہیں۔
عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ آپ کی پیشی ہے، وارنٹ ہیں، آپ کو جانا پڑے گا، آپ پہلے بھی تاریخ پر نہیں آئے، آپ کو لانے کا کیا طریقہ ہے؟ بتا دیں۔
انہوں نے کہا کہ زمان پارک میں غلیل اور پتھروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے گرفتاری دے دیں اورقانون کا سامنا کریں۔