پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عدالت نے ہمارا مؤقف سنا ان کے شکر گزار ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عدالت سے کہا ہے کہ پولیس کے مؤقف سے متعلق دوسرا رخ دیکھیں، عدالت نے پولیس کو منع کیا ہے کہ تشدد بند کیا جائے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسلام آباد میں بھی رٹ دائر کی ہے، اس کا فیصلہ بھی آجائے گا، کارکن یکجہتی کیلئے زمان پارک پہنچیں ہم نے پرامن رہنا ہے، ہم نے جو انڈر ٹیکنگ دی ہے اس کو پورا کریں گے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کیلئے جاری پولیس آپریشن کل صبح 10 بجے تک روک دیا۔
اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 4 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کیلئے درخواستیں دائر کی گئیں۔
عمران خان کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں وکیل اظہر صدیق نے درخواست دائر کی۔
تھانہ رمنا اور تھانہ ریس کورس کے 2، 2 کیسز میں حفاظتی ضمانت کی درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔