وزیر ریلوے اور ن لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کی عدالت پیشی ہر صورت یقینی بنانے کا اعلان کردیا۔
اپنے ایک بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کو عدالت بلاتی ہے یہ جتھے بھیج کر چڑھائی کر دیتے ہیں، عمران خان کی جماعت دراصل پاکستان کی آر ایس ایس ہے۔
سعد رفیق نے کہا کہ گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ نے اپنی فورسز کو بندوقیں دے کر لاہور بھیج دیا، اسلام آباد اور پنجاب پولیس پہنچتی ہے تو جی بی پولیس نے بندوقیں تان لیں، کیا یہ سب قانون کے مطابق ہے؟
انہوں نے کہا کہ اگر اسلاما آباد پولیس گلگت بلتستان جاکر ایسا کرے تو وہاں کے لوگوں کو کیسا لگے گا ؟
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پولیس والے عدالت کے حکم کی تعمیل کے لیے گئے جن پر تشدد کیا گیا۔
ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ انہوں نے اداروں کے خلاف عام شہریوں کو لا کھڑا کیا ہے۔
سعد رفیق نے کہا کہ ہم نے بھی سارے تماشے بھگتے، کبھی روئے نہیں، عام آدمی کے لیے اور پاکستان جبکہ عمران خان کے لیے اور پاکستان ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو رہی ہے۔
سعد رفیق نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن نے عمران خان کو ایک ٹرم کے لیے نااہل کیا تھا، دو اداروں کا معاملہ ہے ایک الیکشن کمیشن دوسرا سیشن کورٹ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سیشن کورٹ میں پیش ہونا تھا لیکن نہیں ہوئے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ بچے بچے کو پتا ہے عمران خان نے توشہ خانہ سے کیا کیا چوری کیا، یہ خود کو قانون، آئین اور عدالت سے بالا سمجھتے ہیں۔