کسٹمز انفورسمنٹ نے 1 ارب 38 کروڑ روپے مالیت کی منشیات، اسمگل شدہ سامان اور گاڑیاں ضبط کر لی ہیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر ) کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے 2 بڑی کارروائیاں کی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق ضبط شدہ سامان میں 22 اعشاریہ 14 کلو منشیات، سگریٹ، چھالیہ اور بھارتی ادویات شامل ہیں۔
ایف بی آر کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ضبط شدہ سامان میں آٹو پارٹس، ایک قیمتی گاڑی اور 3 ٹرک شامل ہیں۔
اعلامیے کے مطابق زیارت کراس پر پنجاب اور خیبر پختون خوا منتقل کیے جانے والے 3 کنٹینرز کو روکا گیا۔
ایف بی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایک اور کارروائی میں کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے ایک گاڑی سے منشیات برآمد کر لی، جس کے نچلے حصے میں اسپیئر وہیل کے اندر منشیات چھپائی گئی تھی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ برآمد منشیات کی بین الاقوامی منڈی میں مالیت 1 ارب 23 کروڑ روپے ہے، تمام منشیات، سامان اور گاڑیاں تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔