پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کے پتھراؤ سے پولیس سمیت فورسز کے 52 اہلکار زخمی ہوئے۔
عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے موقع پر ہونے والے نقصانات کی رپورٹ اسلام آباد پولیس نے تیار کر لی۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد پولیس کی 12، پنجاب اور ایف سی کی 3 گاڑیوں کو جزوی یا مکمل تباہ کیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کی 4 گاڑیاں جلائی گئیں، سیکیورٹی ڈویژن کی 2 پک اپ اور جیمر والی لینڈ کروزر کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔
اسلام آباد پولیس کی رپورٹ کے مطابق قیدیوں کی 3 وینوں کے دروازوں اور فرنٹ اسکرین کو نقصان پہنچایا گیا، 2 پک اپ، 2 موٹر سائیکلوں اور ایک گاڑی کو جلا کر راکھ کر دیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر، ایس پی صدر نوشیرواں علی، ایس پی رورل حسن جہانگیر، ایس پی پلان اینڈ پیٹرول ڈاکٹر سمیع زخمی ہوئے، زخمی اہلکاروں میں اسلام آباد پولیس سمیت معاون فورسز کے اہلکار بھی شامل ہیں۔
اسلام آباد پولیس کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب کانسٹیبلری فیصل آباد کی 2 بسوں اور چکوال پولیس کی 1 بس کے شیشے مکمل توڑ دیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق آئی جی نے نقصانات کا جلد از جلد تخمینہ لگانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔