جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد سے عمران خان کے دستخط والی کورٹ کی فائل غائب ہونے کے معاملے میں چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر گوہر کی ایک اور فوٹیج منظر عام پر آگئی۔
فوٹیج میں بیرسٹر گوہر کے ہاتھوں میں فائل دیکھی جا سکتی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے عدالت میں فائل ایس پی سمیع ملک کی جانب سے غائب ہونے کا مؤقف اختیار کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کے دوران عمران خان کی حاضری دستخط والی فائل غائب ہوگئی تھی۔
عمران خان کی حاضری کے دستخط والی فائل عدالت میں پیش نہ کیے جانے پر جج ظفر اقبال نے سوال پوچھا تھا۔
جج نے استفسار کیا کہ عمران خان کی حاضری پر دستخط کی فائل کدھر گئی؟
اس پر عمران خان کے وکیل خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ ایس پی نے فائل مجھ سے لی تھی۔
ایس پی نے عدالت کے روبرو کہا کہ مجھے نہیں علم کہ عمران خان کے حاضری پر عمران خان کے دستخط ہوئے ہیں یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے چوٹ لگی ہے، میرے پاس دستخط شدہ درخواست نہیں ہے، درخواست شبلی فراز کو دی گئی تھی۔
اس پر جج نے کہا کہ یہ بہت اہم فیصلہ ہے، قانونی ریکارڈ ہے، اسے ڈھونڈیں۔
وکیل خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ ایس پی ثمین ملک جھوٹ بول رہے ہیں، اس پر ایس پی نے کہا کہ مجھے نہیں علم کہ عمران خان کے دستخط ہوئے یا نہیں، مجھ پر تشدد ہوا۔