لاہور قذافی اسٹیڈیم میں ممکنہ بارش کے پیش نظر اتوار کے بجائے ایک روز پہلے ہی کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کرکٹ ٹورنامنٹ کے آٹھویں سیزن کے فائنل میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی لاہور قلندر کی ٹیم نے کپتان شاہین آفریدی کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا اور ملتان سلطانز کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرکے لگاتار دو ٹورنامنٹ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ میچ کے آخری اوور میں ملتان سلطانز کو چمپئن بننے کیلئے 13 رن درکار تھے لیکن سرتوڑ کوشش کے باوجود وہ 11 ہی رن بناسکی۔ملتان سلطانز کے محمد رضوان مجموعی طور پر 550دوڑیں بناتے ہوئے ٹورنامنٹ کے سرفہرست بلے باز ثابت ہوئے۔ پاکستان سپرلیگ کی بنیاد 2015ءمیں رکھی گئی۔ 2016 میں کھیلے جانے والے افتتاحی ٹورنامنٹ سمیت اس کے ابتدائی چار سیزن متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوئے۔ رفتہ رفتہ کچھ ایونٹ یو اے ای اور پاکستان میں مشترکہ طور پر ہونے کے بعد اب یہ مکمل طور پر وطن عزیز میں کھیلا جارہا ہے۔ جہاں موسم بہار کا استقبال مختلف ممالک اپنی صدیوں پرانی روایات کے طور پر میلوں ٹھیلوں کی شکل میں کرتے آرہے ہیں۔ وطن عزیز میں سردی کا زور ٹوٹتے ہی پی ایس ایل کا انعقاد بھی ایک ایسی ہی صحتمند علامت بن گیا ہے۔20 اووروں پر مشتمل (ٹی20) میچ ہر سال عموماً جنوری کے آخری ہفتے میں شروع ہوکر مارچ تک جاری رہتے ہیں۔ ا س میں ملک گیر سطح پر 6 ٹیمیں حصہ لیتی ہیں جن میں مقامی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی تعداد برابر ہوتی ہے۔ یہ دور رس نتائج کا حامل کثیر الجہتی کرکٹ میلہ ہے جو نئے کھلاڑیوں کے عالمی سطح پر پہنچنے کیلئے بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوا ہے۔ بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے سے ایک مضبوط قومی ٹیم تیار کرنے میں مدد ملتی ہے جس کی گراس روٹ لیول پر ابھی خاصی آبیاری کی ضرورت ہے۔