وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے عمران خان کو بات چیت پر راضی کرنے کی کوششوں کا انکشاف کیا ہے۔
ڈسٹرکٹ بار میرپور آزاد کشمیر میں تقریب سے خطاب میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں سے کئی بار کہا کہ عمران خان کو بات چیت پر راضی کرلیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں سے یہ بھی کہا گیا کہ اگر خان صاحب بات چیت پر راضی ہوگئے تو ساری حکومت کو وہ راضی کرلیں گے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر نے مزید کہا کہ عمران خان کی گاڑی عدالت میں وہاں تک گئی جہاں کوئی گاڑی نہیں جا سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو سمن گھر جاکر پیش کیے جاتے ہیں اور پولیس کو مار پڑتی ہے، زمان پارک میں پی ٹی آئی کے کارکنان نے 64 پولیس والوں کو زخمی کیا۔
قمر زمان کائرہ نےطنزیہ انداز میں کہا کہ عمران خان 7 گھنٹے روڈ پر رہتا ہے لیکن اُس کی جان کو عدالت میں خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام جمہوری حکومتوں نے ہمیشہ کشمیریوں کی حمایت جاری رکھی ہے۔