• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کے مختلف علاقوں میں بارشیں جاری، مختلف حادثات میں بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق

ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں مختلف حادثات میں بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ 

گوجرانوالہ میں انڈر پاس میں جمع پانی میں ڈوب کر ایک بچہ جاں بحق ہوگیا، جبکہ بہاولنگر میں نہر میں نہاتے ہوئے ایک بچہ ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔

پنجاب میں مون سون بارشوں نے گرمی کا زور توڑ دیا اور مختلف شہروں میں موسم خوشگوار ہوگیا۔ گوجرانوالہ اور گجرات میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔ کئی شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ بعض علاقوں میں پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا۔

سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں بھی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ منڈی بہاؤالدین میں بارش کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔

شکرگڑھ میں دریائے راوی میں پانی بڑھنے سے پھنس جانے والے 42 کسانوں کو ریسکیو اہلکاروں نے بحفاظت نکال لیا جبکہ بہاولنگر میں نہر میں ڈوبنے والے بچے کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

موسلادھار بارش نے راولپنڈی کے نواحی علاقے ددوچھہ ڈیم کے قریب تباہی مچادی۔ برساتی نالہ بپھر کر آبادی میں داخل ہوگیا، بروالہ اور خانپور کے دیہات پانی میں ڈوب گئے۔

مانسہرہ کی سرن ویلی میں سیلابی ریلے سے پل بہہ جانے پر 12 دیہات کا رابطہ منقطع ہوگیا۔

ادگر ایبٹ آباد، نوشہرہ، صوابی، مینگورہ اور باجوڑ میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

آزاد کشمیر میں سماہنی، باغ اور وادیٔ نیلم میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ دواریاں کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مرکزی شاہراہ بند ہوگئی۔

ادھر بلوچستان کے ضلع خضدار اور گلگت بلتستان کے ضلع استور میں بھی بارش سے ٹھنڈی ہوائیں چل پڑیں اور موسم مزید خوشگوار ہوگیا۔

قومی خبریں سے مزید