وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان ڈرامے کررہے ہیں، یہ خود چار، پانچ پولیس والوں کو مروائیں گے، تاکہ ملک میں افراتفری ہو اور ان کے عزائم پورے ہوں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان ان لوگوں کا بندہ ہے جو پاکستان میں تباہی چاہتے ہیں، اسی لیے باہر سے ان کے حق میں بیان آ رہے ہیں۔
وزیر دفاع نے امریکی سفارت کار زلمے خلیل زاد کے بیان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں اتنا ظلم ہورہا ہے۔ زلمے خلیل زاد جیسے لوگوں کا ضمیر ان کے لیے کیوں نہیں جاگتا، ان کا ضمیر عمران خان کے لیے ہی کیوں جاگتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کا نعرہ فراڈ تھا، عمران خان خود انہی کا بندہ ہے، زلمے خلیل زاد کو یہاں سے شاید فیڈ کیا جا رہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اس وقت جو حالات ہیں فوج سے الیکشن ڈیوٹی کا نہیں کہا جاسکتا، میں جہاں سوئمنگ کرتا ہوں وہاں لاکھوں روپے کا چندہ دیتا ہوں وہ آگے کیا دیتے ہیں، کشمیر پاکستان کا حصہ ہے نقشے سے نہیں نکالا جا سکتا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ہم قطعی طور پر تحریک انصاف پر پابندی نہیں لگانا چاہتے، 75 سال میں کیا کسی جماعت پر پابندی کا کوئی نتیجہ نکلا ہے؟