سندھ کابینہ نے سال 26-2025 کے لیے گندم ریلیز پالیسی میں نظرِ ثانی کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گندم کی اجرا قیمت میں نظرِ ثانی کی گئی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سرکاری گندم فوری طور پر ملوں، چکیوں اور تاجروں کو فراہم کی جائے گی۔ کابینہ نے یہ فیصلہ مارکیٹ میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بروقت ریلیز سے گندم کے معیار کو برقرار رکھنے اور ذخیرہ کرنے کی جگہ خالی کرنے میں مدد ملے گی، عوام کے لیے آٹے کی مناسب قیمتیں یقینی بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔
سندھ کابینہ نے گندم کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کے لیے ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، کمیٹی ضرورت پڑنے پر اجرا قیمت میں ردو بدل کی سفارشات پیش کرے گی۔
سندھ کابینہ نے چیئرمین سندھ ریونیو بورڈ ڈاکٹر وسیم میمن کو دو سال کی توسیع دے دی، توسیع ان کی کارکردگی اور وصولیوں کی بنیاد پر دی گئی ہے۔
چیئرمین ایس آر بی کے دورِ ملازمت میں ریونیو کلیکشن میں 140 فیصد اضافہ ہوا، کابینہ نے چیئرمین سندھ ریونیو بورڈ کو دسمبر 2025 سے 2027 تک توسیع دی۔
سندھ کابینہ نے سندھ ڈیفائنڈ کنٹری بیوشن پنشن اسکیم 2024 کی منظوری دے دی، نئی پنشن اسکیم یکم جولائی 2024 کے بعد بھرتی ملازمین پر لاگو ہوگی۔
سندھ کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ محکمہ خزانہ سندھ پنشن فنڈ مینجرز سے معاہدہ کرے گا، پنشن فنڈ مینجرز ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ ہوں گے۔
قدرتی موت یا معذوری پر 10 لاکھ روپے انشورنس فراہم کی جائے گی جبکہ حادثاتی موت کی صورت میں 20 لاکھ روپے انشورنس کوریج دی جائے گی، انشورنس رقم میں سالانہ 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
سندھ کابینہ نے جیلوں کے لیے وائرلیس کمیونیکیشن سسٹم کے حصول کی بھی منظوری دے دی، کابینہ نے انسپکٹر جنرل جیلز کی تجویز پر قومی مفاد اور سیکیورٹی کے پیشِ نظر منظوری دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں جیلوں کی سیکیورٹی اور نظم و ضبط کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، وائرلیس کمیونیکیشن سسٹم سے انتظامی کارکردگی اور سیکیورٹی میں بہتری آئے گی۔
سندھ کابینہ نے آئی ٹی ٹاور کے لیے کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر تاریخی عمارت کی خریداری کی منظوری دے دی، سندھ آئی ٹی ٹاور کے قیام کے لیے نجی کمپی کی عمارت منتخب کی گئی ہے۔ منصوبے کے لیے مکمل جائزہ لیا گیا، مالکیت کی تصدیق اور بورڈ آف ریوینیو سے کی گئی، عمارت کی کل مجموعی قیمت ڈیڑھ ارب روپے مقرر کی گئی ہے اور این اِی ڈی یونیورسٹی کی جانب سے اسٹرکچرل سیفٹی سرٹیفکیشن حاصل کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئی ٹی ٹاور کے لیے مفصل استعمال اور انتظامی منصوبے تیار کریں، آئی ٹی ٹاور ڈیجیٹل جدت، ٹریننگ اور مرکزی حکومت کے لیے مرکز کا کردار ادا کرے گا۔
سندھ کابینہ نے ہیومن رائٹس کمیشن میں 3 عدالتی اراکین کی تقرری کی بھی منظوری دے دی۔
سندھ کابینہ نے تھرکول اینڈ انرجی بورڈ ترمیمی بل 2025 کی منظوری دے دی۔کابینہ نے ترمیمی بل سندھ اسمبلی کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سندھ کابینہ اجلاس میں انٹرنل آڈٹ ریگولیٹری فریم ورک کی منظوری دے دی، انٹرنل آڈٹ فریم ورک کی منظوری سندھ پبلک فنانس ایڈمنسٹریشن ایکٹ 2020 کے تحت دی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نئے فریم ورک کا مقصد مالی نظم و ضبط، شفافیت اور گورننس کو مضبوط بنانا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بن قاسم تا پورٹ قاسم تک 9 کلومیٹر طویل ڈبل ٹریک ریلوے لائن تعمیر کی جا رہی ہے، اس ریلوے لائن کے ذریعے کوئلہ تھر سے کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں تک منتقل کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج خانپور، ضلع شکارپور کے لیے 18 کروڑ 78 لاکھ روپے کی منظوری دی جبکہ ملیر میں واٹر سپلائی اسکیم کے لیے 103.9 ملین روپے کی منظوری دے دی۔
کورنگی کازوے سے قبرستان اور پارک کے لیے ایک ریمپ تعمیر کرنے کے لیے 34 کروڑ 92 لاکھ روپے کی منظوری دی، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ قبرستان اور پارک ریکلیم کی گئی اراضی پر قائم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے 10واں آدم کانفرنس اور ادب فیسٹیول کے لیے 75 لاکھ روپے کی منظوری دے دی، کابینہ نے ایس ایم بی فاطمہ جناح گرلز سیکنڈری اسکول صدر کے لیے 9 کروڑ 4 لاکھ روپے کی منظوری دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایس ایم بی فاطمہ جناح گرلز سیکنڈری اسکول کو تمام ضروری اور کمی شدہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔