• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کا کل سے لاہور میں آغاز

 کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سالانہ کیلنڈر میں ایک نئے فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کا اضافہ ہوگیا ہے جس کا آغاز 18 جون سے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں فیلڈ لائٹس میں ہوگا۔ ٹورنامنٹ کو او جی ڈی سی نے اسپانسر کیا ہے۔ اس بات کا اعلان سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز احمد، جنرل منیجر او جی ڈی سی عبدالرئوف، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر طاہر زمان اور آرگنائزنگ سیکرٹری خواجہ جنید نے  جمعرات کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شہباز احمد نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں لاہور لائینز، کراچی شارک، پشاور پینتھرز، کوئٹہ واریئر، اسلام آباد فائیٹر، اور فیصل آباد فالکنز کے نام دیئے گئے ہیں۔ ہر ٹیم 12 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی تاہم میچ کے لیے 10 کھلاڑیوں کے ہی نام دیئے جائیں گے۔ میدان میں ایک وقت میں پانچ کھلاڑی کھیل سکیں گے۔ روزانہ تین میچ کھیلے جائیں گے، ہر میچ 36 منٹ کا ہوگا جو تین ہاف پر مشتمل ہوگا۔ انعامی رقم 2.5 ملین رکھی گئی ہے۔ فاتح ٹیم کو سات لاکھ، دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 5 لاکھ، تیسرے نمبر کی ٹیم کو 4 لاکھ، چوتھے نمبر کی ٹیم کو تین لاکھ، پانچویں نمبر کی ٹیم کو دو لاکھ جبکہ آخری پوزیشن پر آنے والی ٹیم کو بھی ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم ملے گی۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اور اے ایچ یف کے اجلاسوں میں فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کی بات ہو رہی ہے جلد اس کا ورلڈکپ کرانے کا بھی پروگرام بنایا جا رہا ہے لہذا مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کو متعارف کرایا ہے۔ فیڈریشن پاکستان ہاکی لیگ کرانے کا ارادہ رکھتی ہے جس کے لیے غیر ملکی ہاکی فیڈریشنز کے ساتھ بھی معاملات چل رہے ہیں۔ سوئٹزرلینڈ ہاکی فیڈریشن کے حکام سے بھی ہماری ملاقات ہوئی ہے جنہوں نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان ہاکی کو انٹرنیشنل مقابلوں سے دور نہیں رکھا جا سکتا۔ اس موقع پر عبدالرئوف کا کہنا تھا کہ جلد ہمارا ادارہ اپنی ہاکی ٹیم بنا کر اس میں کھلاڑیوں کو نوکریاں بھی دے گا۔
تازہ ترین