مبینہ طور پر خودکشی کرنے والی بھوجپوری فلموں کی اداکارہ آکانکشا دوبے کی خودکشی کا معاملہ معمہ بن گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوپی پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد انکشاف کیا ہے کہ 25 سالہ اداکارہ آکانکشا دوبے نے خودکشی کی تھی، کسی نے ان کی جان لینے کی کوشش نہیں کی۔
تاہم اداکارہ کی والدہ نے آکانکشا دوبے کے ساتھی فنکار اور بوائے فرینڈ سمر سنگھ پر اداکارہ کو خودکشی پر اکسانے کا الزام عائد کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کی والدہ نے پولیس میں 2 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے جس میں اداکارہ کے بوائے فرینڈ سمر سنگھ اور اس کا بھائی سنجے سنگھ شامل ہیں۔
والدہ کا کہنا ہے کہ سمر سنگھ اور اس کا بھائی سنجے سنگھ گزشتہ تین برسوں سے آکانکشا دوبے کے واجبات ادا نہیں کر رہے تھے، جو تقریباً 3 کڑور سے زائد ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سمر سنگھ اور سنجے سنگھ مسلسل واجبات ادا نہ کرنے کی دھمکیاں دے رہے تھے۔
پولیس ایڈیشنل کمشنر سنتوش سنگھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے اداکارہ کی والدہ کے بیان کی روشنی میں سمر سنگھ اور اس کے بھائی سنجے سنگھ کو اداکارہ کو خودکشی پر اکسانے پر گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہیں اداکارہ کے قتل کی کوشش کے کوئی شواہد نہیں ملے اور نہ ہی جائے وقوعہ سے کسی قسم کا کوئی سوسائڈ نوٹ نہیں ملا ہے۔